حکومت کے خلاف اپوزیشن کا نعرہ گاندھی ہم شرمندہ ہیں۔ تیرے قاتل زندہ ہیں

نئی دہلی ۔ 22 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن جماعتوں نے آج حکومت کی جانب سے بلیک منی (کالا دھن) اور تبدیلی مذہب (گھر واپسی) مسئلہ کو نظر انداز کردینے پر پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاج کیا ۔ ترنمول کانگریس ارکان نے مجسمہ گاندھی کے روبرو بلیک منی کے مسئلہ پر دھرنا دیا ۔ بعد ازاں سماج وادی پارٹی اور جنتا دل متحدہ کے ارکان بھی شامل ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی فرقہ پرست ایجنڈہ کے خلاف وہ متحدہ جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اپوزیشن پر رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کر رہی ہے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ بیرون ملک سے کالا دھن واپس لانے کیلئے کس نے روکا ؟ جو کہ بی جے پی کا انتخابی وعدہ ہے۔ سماج وادی پار ٹی اور جنتا دل متحد کے ارکان نے دھرنے میں یہ نعرے لگانے کالا دھن واپس لاؤ ’’گاندھی ہم شرمندہ ہیں۔تیرے قاتل زندہ ہیں‘‘ وعدہ خلاف بند کرو۔