حکومت کے ترقیاتی کاموں سے اپوزیشن کو بوکھلاہٹ

رام چندر پور میں ٹی آر ایس امیدوار کے انتخابی جلسہ سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب

سنگاریڈی 31 ؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دارالحکومت حیدرآباد تا سنگاریڈی ایکسپریس قومی ہائی وے کی تعمیر ‘ بی ایچ ای ایل لنگم پلی ‘رامچندرا پور‘ پٹن چیرو‘ اسنا پور پر فلائی اوور بریجس ‘ 45 کروڑ روپئے کی لاگت سے پٹن چیرو میں مارکٹ یارڈ کی تعمیر کیلئے   قیمتی اراضی خریدی گئی۔  3 کروڑ روپئے کے خرچ سے مارکٹ یارڈ کی ترقی کے علاوہ ریتو بازار کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ 10 کروڑ روپئے کی لاگت سے پٹن چیرو میں ڈگری کالج بلڈنگ کے تعمیراتی کام انجام دیئے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہارریاستی وزیر آبپاشی ٹی ۔ ہریش رائو نے گریٹر حیدرآباد مونسپل کارپوریشن پٹن چیرو ڈیویژن میںٹی آر ایس اُمیدوار آر کمار یادو اور رامچندر پور ڈیویژن ٹی آر ایس امیدوار انجیا یادو کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ 130 کروڑ روپئے کے خرچ سے پٹن چیرو اور رامچندر پور کے عوام کیلئے صاف و شفاف پینے کے پانی کی اسکیم ‘ مشن بھاگیراتا اسکیم کے تحت گھر گھر پانی سربراہ کرنے کے اقداما ت کئے جا ئینگے۔ٹی آر ایس حکومت اپنے 18 ماہی دور حکومت میں بے شمار فلاح و بہبود اور ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے ۔وزیر اعلی کے چندر شیکھر رائو ریاست تلنگانہ کو ترقی کی سمت گامزن کر رہے ہیں۔ان فلاحی و ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر حزب اختلاف پارٹیاں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ٹی آر ایس حکومت کی ان اسکیمات کے ثمرات سے متاثر ہو کر عوام ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کریگی۔ریاستی وزیر آبپاشی نے کہا کہ پٹن چیروکے صنعتی علاقہ رامیشورم بنڈہ کے غریب عوام کو عنقریب 1400 ڈبل بیڈروم مکانات دیئے جائینگے۔آئندہ 6 ماہ میں 10 ہزار پکوان گیاس کنکشن فراہم کرنے اورخواتین کو بلا سو دی قرض فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کی پابند عہد ہے ۔شادی مبارک اسکیم کے تحت غریب و نادار لڑکیوں کی شا دی بیا ہ کیلئے 51 ہزار روپئے دیئے جا رہے ہیں۔رکن پارلیمان میدک کے ۔ پر بھاکر ریڈی ‘ جی ۔ مہپال ریڈی رکن اسمبلی پٹن چیرو‘ بابو موہن رکن اسمبلی اندول ‘  بھوپال ریڈی ایم ایل سی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر جی۔ انیل کمار ‘ سری سیلم یادو ‘ مرزا وحید بیگ مقبول ‘رویندر ریڈی  و دیگر ٹی آر ایس قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھے۔