حکومت کے اقدامات کو درست ثابت کرنے اسمبلی کا استعمال : ریونت ریڈی

آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں : آر کرشنیا
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے فلور لیڈر اے ریونت ریڈی نے آبپاشی پر چیف منسٹر کی تقریر کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نے حکومت کے اقدامات کو درست ثابت کرنے کیلئے اسمبلی کا استعمال کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں اپنے فیصلوں کو درست ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں کسانوں کی امداد میں ناکام ٹی آر ایس حکومت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے نام پر دوبارہ وعدے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شہرت کیلئے ایوان اسمبلی کا استعمال مناسب نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اس طرح کا پریزنٹیشن ایوان کے باہر کیا جانا چاہیئے۔ پارٹی کے رکن آر کرشنیا نے آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم پارٹی حکومت کے خلاف جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی اسکالر شپ کی ادائیگی اور دیگر فلاحی اسکیمات کیلئے حکومت کے پاس بجٹ نہیں ہے لیکن آبپاشی پراجکٹس کے نام پر کئی ہزار کروڑ کے خرچ کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کی گنجائش ہے اور تلگودیشم پارٹی پراجکٹس کی تکمیل پر نظر رکھے گی۔