سرکس گراؤنڈ پر ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد، ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب
کریم نگر۔/17اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ تحریک کے دوران پارٹی اور حکومت کے استحکام کیلئے کریم نگر کی عوام نے پوری طاقت کے ساتھ اپنا کردار نبھایا۔ ہم اس ضلع کیلئے کچھ بھی کرلیں اس کا قرض اُتار ا نہیں جاسکتا۔ ریاستی میونسپل، آئی ٹی شعبہ کے وزیر کے ٹی راما راؤنے اظہار خیال کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی سوچ کے مطابق حیدرآباد میں بھی نہیں ہے اس طرح سے مانیر ریور فرنٹ کیبل برج کی تعمیر کریم نگر میں کی جارہی ہے۔ چہارشنبہ کو مقامی سرکس گراؤنڈ میں 231 کروڑ روپئے سے روبہ عمل اسمارٹ سٹی سڑکوں کے کام وزیر ایٹالہ راجندر ، رکن اسمبلی گنگولا کملاکر، ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ کے ساتھ مل کر انہوں نے سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریم نگر کے عوام کی دیرینہ خواہش کریم نگر سرسلہ فور لائین میں تبدیل کرنے کیلئے گنگولا کملاکر نے خواہش کی۔ اس سلسلہ میں رکن پارلیمان ونود کمار کی کاوش، چیف منسٹر کے سی آر کے تعاون88 کروڑ سے ترقی دیئے جانے والے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ کریم نگر میں اسمارٹ سٹی کے تحت 34 کلو میٹر اسمارٹ سٹی سڑکوں کے کاموں اور دو خوبصورت پارکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ایک ہی دن میں اسمبلی حلقہ میں 326 کروڑ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ان تمام کاموں کی تکمیل کی جاکر ہم ہی اس کا افتتاح کریں گے، کے ٹی آر نے اعلان کیا۔ کانگریس کے اقتدار میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج کی وجہ سے عوام دس سال دوزخ کی طرح سے سزا بھگت رہے ہیں۔ یو جی ڈی کی وجہ سے جو پریشانیاں ہیں اسے دور کرنے کیلئے ہم اقتدار پر آنے کے بعد 6070 کروڑ روپئے خرچ کرکے اب آخری مرحلہ میں آچکے ہیں۔ مشن بھگیرتا کے کاموں ، سڑکوں کے جنکشن کے کاموں کو کافی سوچ سمجھ کر توجہ سے کرنا باقی رہ گیا ہے۔ ان چار سال میں کریم نگر کو سینکڑوں کروڑ فنڈ دیا گیا ہے۔ کانگریس کے دور حکومت میں ہر شعبہ کی کارکردگی میں بدعنوانیاں عرو ج پر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کانگریس اور تلگودیشم پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ ٹی آر ایس کو عوام پر پورا بھروسہ ہے ۔ کانگریس کو عوام سبق سکھائیں گے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے بھی خطاب کیا۔