نئی دہلی ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کی پہلی سالگرہ کے جشن سے متعلق پروگراموں پر تبادلہ خیال کیلئے آج یہاں اپنے سینئر وزارتی رفقاء سے ملاقات کی۔ نریندر مودی جو چین، منگولیہ اور جنوبی کوریا کے تین قومی دورہ سے گذشتہ رات واپس ہوئے ہیں، اپنے سینئر وزراء ارون جیٹلی، راجناتھ سنگھ، سشماسوراج، ایم وینکیا نائیڈو اور نتن گڈکری سے تبادلہ خیال کیا۔ باور کیا جاتا ہیکہ ملاقات کے دوران 26 مئی کو این ڈی اے حکومت کی پہلی سالگرہ کے جشن سے متعلق امور پر گفت و شنید کی گئی۔ ذرائع نے کہا کہ جشن سالگرہ کے ضمن میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔