جمعرات , دسمبر 12 2024

حکومت کی لاپرواہی سے لاکھوںطلبہ کو اُلجھن

وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی کے استعفی کا مطالبہ،محبوب نگر میں سی پی آئی کا احتجاج
محبوب نگر۔/24 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انٹر میڈیٹ ایجوکیشن میں ریاستی حکومت کی لاپرواہی نے لاکھوں طلباء کو زبردست الجھن سے دوچار کردیا ۔ سی پی آئی کے ضلع سکریٹری پرمیشور گوڑ نے مستقر کے تلنگانہ چوراستہ پر حکومت کا پتلا نذرآتش کیا۔ بعد ازاں انہو ں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انٹر میڈیٹ کے اسپاٹ ویالویشن میں زبردست غلطیاں ہوئی ہیں۔ انٹر میڈیٹ کا مرحلہ طلباء کے مستقبل کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے لیکن حکومت نے من مانی کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کردیا۔ اس کے ذمہ دار عہدیداروں کو معطل کرکے حراست میں لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاستی وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی سے بھی فوری استعفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر شدید تنقید کی کہ کے سی آر سنہرے تلنگانہ کے نام پر عوام کو گمراہ کرکے اپنا سیاسی اُلو سیدھا کررہے ہیں۔ حکومت کے غلط اقدام سے ریاست میں 16 طلباء نے اقدام خودکشی کرلی۔ انٹر کے نتائج کو لے کر ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے لیکن حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اس موقع پر سی پی آئی کے ضلع قائدین چاند پاشاہ ، خواجہ معین الدین و دیگر موجود تھے۔

انتخابی عمل میں لاپرواہی ناقابل برداشت، عہدیداروں کو کلکٹر کا انتباہ
محبوب نگر۔/24اپریل ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجالس مقامی کے انتخابات کے پرامن انعقاد میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے ۔ ضلع کلکٹر رونالڈ روز نے منگل کے دن ریونیو میٹنگ ہال میں زیڈ پی سی او وسنتا کماری کے ہمراہ جائزہ اجلاس میں ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ مجالس مقامی انتخابات کیلئے نامزدگیوں کا عمل جاری ہے۔ امیدواروں کے اخراجات پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی۔ منڈل سطح پر خصوصی نظر رکھنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انتظامات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی۔ ووٹرس کی تعداد کو ملحوظ رکھتے ہوئے ضلع میں 895 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ضلع کلکٹر نے اس موقع پر منڈل سطح پر انتخابات کے انتظامات کے تعلق سے واقفیت حاصل کی ۔ اجلاس میں ضلع کے ایم پی ڈی اوز اور متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT