کوہیر۔28اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے کوہیر منڈل مستقر کے میجر گرام پنچایت کی سرپنچ محترمہ عرشیہ کلیم نے اپنے دو سالہ دور اقتدار میں کرورہا روپیوں کی ترقیاتی اور فلاحی کاموں کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کے مسائل کواولین ترجیح دیتے ہوئے سڑکیں ‘ پانی ‘ اسٹریٹ لائٹس کے علاوہ تعلیمی میدان میں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی کے تحت ایک کروڑ 90 لاکھ روپئے سے سی سی سڑکیں اور ڈرین کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے ۔ کوہیر جونیئر کالج کی بلڈنگ کا تعمیری کام کئی سالوں سے تعطل کا شکار تھی ‘ اسکی تعمیر کیلئے 65لاکھ رقم منظور ہوئی اور تعمیری کاموں کا آغاز ہوچکا ہے اور کوہیر میجر گرام پنچایت کی جدید عمارت اور قدیم بس اسٹانڈ پر ایک شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا گیا ہے جس کی لاگت 30لاکھ روپئے ہے ‘ وہ مکمل ہوچکا ہیں جس کا بہت جلد ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پینے کے پانی کی سہولت کیلئے 22بورویلس کی کھدائی اور ڈریلنگ کی گئی جس کیلئے 33لاکھ خرچ کئے گئے ہیں ۔کوہیر مستقر میں آنگن واڑی سنٹروں کیلئے 54 لاکھ روپیوں سے تعمیری کام جاری ہے ۔ اہم چوراہوں پر آئی میکس لائٹوں کی تنصیب عمل میں آئی ہے جس میں تمام تر مذہبی مقامات کو ترجیح دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ نرسی کنٹہ اور گولہ بنڈہ میں این آر ای جی ایس اور محکمہ پنچایت راج کے تحت سی سی سڑکیں اور ڈرینج کی تعمیری اور مرمتی کام جاری ہے جہاں پر 70لاکھ روپئے خرچ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں کوہیر گرام پنچایت کو ایک مثالی گرام بنانے کا عزم کیا ۔ ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر کرنے کیلئے عوام میں شعور بیداری کا کام جاری ہے ۔ آئندہ ایک سال کے اندر ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر ہوسکے ‘ اس کیلئے کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آنے والی تمام اسکیمات اور فلاحی کاموں کی موثر طریقہ سے عمل آوری کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے تحت ملٹی سیکٹرل ڈیولپمنٹ پروگرام (NSDP) کے تحت کوہیر منڈل کو چار کروڑ روپئے منظور ہوچکے جس میں صرف اردو میڈیم مدارس کو ہی شامل کیا گیا ہے ۔ 2کروڑ روپیوں سے کوہیر مستقر میں اردو میڈیم اسکولوں کی ترقی اور تعمیر کی جائے گی اور نویں جماعت کے طالبات کو مفت سیکلوں کی تقسیم اور کمپیوٹرس کی خریدی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں نل کا کنکشن اور کسانوں کو اناج کا گودام کے علاوہ دسویں جماعت کے طلبہ جو ترک تعلیم کرچکے ہیں ان کو فنی کورسیس کیلئے آئی ٹی آئی اور گورنمنٹ ہاسپٹل جو اب صرف 16بستروں پر مشتمل ہے اس کو 50 بستروں کے علاوہ عصری آلات کے ذریعہ ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کیلئے مسٹر ہریش راؤ ریاستی وزیر آبپاشی اور رکن پارلیمنٹ مسٹر بی بی پاٹل سے مشاورت جاری ہے ۔ انہوں نے کوہیر کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ مدد کا تیقن دیا ہے ۔