حکومت کی جانب سے 19 اگست کو گھر گھر سروے

عادل آباد /11 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عادل آباد کے عوام کو جاریہ ماہ کی 19 تاریخ کو اپنے اپنے مکانوں میں موجود رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے آر ڈی او مسٹر سدھاکر ریڈی نے عہدیداروں اور بلدی کونسلرز کو ہدایت دی کہ وہ ریاستی حکومت کی ایما کے پیش نظر 19 اگست کو رہایشی مکانات پہونچکر تفصیلات کا اندراج کریں ۔ 19 اگست کا سروے ضلعی افراد کیلئے کافی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے ۔ اس سروے میں رپورٹ میں شامل افراد کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والی مختلف اسکیمات سے استفادہ پہونچے گا ۔ جبکہ سروے میں اپنی تفصیلات درج کرانے میں لاپرواہی کرنے والے افراد کو آئندہ پانچ سال تک حکومت کی جاری اسکیموں سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ مسٹر سدھاکر ریڈی آر ڈی او مجلس بلدیہ کونسلرس سے مخاطب تھے ۔ بلدیہ کے میٹنگ ہال میں منعقدہ اس اجلاس کی صدارت صدرنشین بلدیہ شریمتی آر منیشا کر رہی تھی جبکہ کمشنر بلدیہ مسٹر شاہد مسعود کونسلرز کے اصرار پر اردو میں تفصیلات سے واقف کرارہے تھے ۔ 19 اگست سروے کے دوران افراد خاندان کی تفصیلات ، راشن کارڈ ، آدھار کارڈ ، رہائشی مکانات ، رہائشی اراضی ، زرعی اراضی ، سرکاری و خانگی اداروں میں جاری ملازمتوں کی تفصیلات ، ذرائع آمدنی ، بنک اکاونٹ اور حکومت سے حاصل ہونے والی رعایتی اسکیموں کا اندراج کیا جائے گا ۔ آنگن واڑی ، ریسورس پرسن ، اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ سروے کرنے والے ا میدوار کو صرف 25 مکانات سونپے جائیں گے ۔ سروے کرنے والے دس افراد پر ایک سپروائزر کو متعین کیا جارہا ہے ۔ سروے کے کام کو صد فیصد نشاندہی حاصل کرنے کی غرض سے 19 تاریخ کو عام تعطیل دی جائے گی ۔ سروے کام تربیت کے طور پر 5 اگست تا 7 اگست تین دن انجام دیا جارہا ہے ۔ جس میں بلدی کونسلرز کے تعاون کا اظہار کیا گیا ۔ قبل از مجلس بلدیہ کونسلرز کا ایک اجلاس صدرنشین بلدیہ شریمتی آر منیشا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 258.72 روپئے دو کروڑ اٹھاون لاکھ بہتر ہزار روپیوں کی منظوری عمل میں لاتے ہوئے اس کی اطلاع حکومت کو ترسیل کردی گئی ۔ عادل آباد مجلس بلدیہ کے احاطہ میں اسٹریٹ لائیٹ کیلئے 25 لاکھ اور دیگر رقم پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔ اراکین کونسلرس میں مسٹر ظہیر ، غوث الدین ، خلیل احمد ، جوشی قابل ذکر ہیں ۔