نئی دہلی 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قدرتی گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کو ملتوی کرنے کے تقریباً ایک ماہ بعد حکومت سابق وزیر برقی توانائی سریش پربھو کی زیرصدارت ایک کمیٹی کا تقرر کرے گی تاکہ قیمتوں کے تعین کے فارمولہ پر جو سابق یو پی اے حکومت کا منظورہ ہے، نظرثانی کی جائے۔ وزیراعظم نریندر مودی کابینہ کے سربراہ ہیں۔ جس نے اِس معاملہ کو 25 جون تک کے لئے ملتوی کردیا ہے۔ موجودہ قیمتیں 30 سپٹمبر تک برقرار رہیں گی۔ اِس کے بعد پورے معاملہ کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی کے ارکان میں پرتاب بھانو مہتا صدر اور مرکز کے چیف ایگزیکٹیو برائے پالیسی تحقیق اور دبیک دیب رائے، اِسی ادارہ کے چیف ایگزیکٹیو ہوں گے۔ وزیر تیل کے ایک عہدیدار نے کہاکہ چونکہ ہمارے پاس ماہرین کے گروپ کے تقرر کا وقت نہیں ہے اِس لئے ہم بعض مقامی مہارت رکھنے والی تنظیموں کی خدمات حاصل کررہے ہیں۔ ممتاز افراد پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دیا جارہا ہے۔ کمیٹی رنگا راجن فارمولہ پر نظرثانی کرے گی اور اِس کو موجودہ نوعیت میں ترمیمات کے بعد نافذ کرنے کے امکان کا جائزہ لے گی۔ گیس کی قیمت کے تعین کا مسئلہ انتہائی حساس ہے کیونکہ پکوان گیس کے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔