حکومت کیرالا ‘ عبدالناصر مدنی کو انصاف رسانی کی خواہاں

تھرواننتاپورم 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کیرالا پی ڈی پی لیڈر عبدالناصر مدنی کو انصاف دلانے اور انسانی بنیادوں پر ان کا علاج کروانے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ عبدالناصر مدنی فی الحال بنگلور میں بم دھماکوں کے ایک مقدمہ میں جیل میں ہیں۔ کیرالا کے وزیر داخلہ رمیش چینی تالہ نے اسمبلی میں یہ بات بتائی ۔ اسمبلی میں سی پی ایم کے جی سدھاکرن کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چینی تالہ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ریاست میں اس خیال سے اتفاق کرتی ہیں کہ عبدالناصر مدنی کو انسانی بنیادوں پر علاج کی سہولت فراہم کی جانی چاہئے اور ان کے مقدمہ کی سماعت تیزی سے ہونی چاہئے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ریاستی حکومت کا رول محدود ہے کیونکہ ان کے خلاف مقدمہ کیرالا کی عدالت میں نہیں بلکہ کرناٹک میں چل رہا ہے ۔ چیف منسٹر اومن چنڈی نے عبدالناصر مدنی کا مسئلہ چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدارامیا کے ساتھ اٹھایا تھا ۔چینی تالہ نے کہا کہ یہ مسئلہ خود انہوں نے بھی حکومت کرناٹک سے رجوع کیا ہے ۔ کیرالا نے عبدالناصر مدنی کے مقدمہ کی سماعت میں تیزی پیدا کرنے پر زور دیا ہے ۔

1984 فسادات افسوسناک ‘ وزیر اعظم معذرت کرچکے : تیواری
نئی دہلی 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) 1984 کے مخالف سکھ فسادات پر راہول گاندھی کے متنازعہ ریمارکس پر تنازعہ کے دوران حکومت نے آج کہا کہ یہ فسادات انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ تھے اور وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ان پر کئی مرتبہ معذرت خواہی کرچکے ہیں۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات مسٹر منیش تیواری نے کہا کہ جہاں تک فسادات کا تعلق ہے وہ انتہائی افسوسناک رہے ہیں۔ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں اور باہر کئی مرتبہ ان فسادات پر معذرت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فساد مقدمات عدالتوں میں ہیںاس لئے ان پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے ۔