فلائنگ سکھ نے حیدرآباد 10K Run کو جھنڈی دکھائی ۔ دوڑ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار
حیدرآباد 29 نومبر ( پی ٹی آئی ) فلائنگ سکھ ملکھا سنگھ نے آج حیدرآباد 10KRun کے 13 ویں ایڈیشن کو جھنڈی دکھائی ۔ اس دوڑ میں تقریبا 10,000 پرجوش افراد نے حصہ لیا اور ایک مقصد کیلئے دوڑ لگانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ یہاں جمع ہوئے حیدرآباد کے شائقین اسپورٹس سے خطاب کرتے ہوئے افسانوی اتھیلیٹ نے امریکی صدر بارک اوباما ‘ وزیر اعظم نریندر مودی اور خود اپنی مثال پیش کی اور کہا کہ ان سب نے ایک عزم کو پورا کرنے کیلئے سخت جدوجہد کی تھی ۔ سنگھ نے ہاں موجود شائقین سے خواہش کی کہ وہ اسی جذبہ کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کریں۔ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتاء گئی ۔ کھیل کود میں حصہ لینے عوام کی حوصلہ افزائی کرنے والے اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کی ستائش کرتے ہوئے ملکھا سنگھ نے سبھی شائقین سے کہا کہ وہ اپنی ساری زندگی میں اس طرح کی سرگرمیوں کو جاری رکھیں۔ پڑوسی اقوام کے ساتھ امن برقرار رکھنے وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے ملکھا سنگھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت کھیلوں اور سیاست کو ایکدوسرے سے الگ رکھے ۔
انہوں نے حیدرآباد 10K Run کے منتظمین سے خواہش کی کہ وہ ابھرتے ہوئے اتھیلیٹس کیلئے ایک ٹریننگ اکیڈیمی کا قیام عمل میں لائیں ۔ اس دوڑ کے ونرس کا چھ زمروں سے انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ ایلیٹ 10 K Run برائے مینس زمرہ میں پہلا مقام مان سنگھ کو حاصل ہوا انہوں نے یہ دوڑ 28 منٹ اور 43 سکنڈز میں پوری کی ۔ دوسرا مقام بی سرینواس کو ملا جنہوں نے 28 منٹ اور 48 سکنڈ میں یہ دوڑ پوری کی ۔ 29 منٹ اور 22 سکنڈ کے ساتھ دیپک کمار کو تیسرا مقام حاصل ہوا ۔ ایلیٹ 10K Run خواتین کے زمرہ میں پہلا مقام 33 منٹ اور 17 سکنڈز کے ساتھ مونیکا راوت نے حاصل کیا ۔ مونیکا چودھری نے 34 منٹ اور 25 سکنڈ کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا ۔ 35 منٹ اور پانچ سکنڈ کے ساتھ منیشا سولنکی کو تیسرا مقام حاصل ہوا ۔اوپن زمرہ میں مردوں میں پہلا مقام ساہندیر نے اور خواتین کے زمرہ میں روما دیوی نے حاصل کیا ۔ سینئرس میں پہلا مقام سرینواس راؤ کو مل سکا ۔