حکومت کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرے : مایاوتی

لکھنو 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر میں ایک سینئر صحافی شجاعت بخاری اور ان کے ساتھیوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے ہٹ دھرمی والے رویہ کو تبدیل کرے اور کشمیر پالیسی پر نظرثانی کی جائے ۔ ایسا لگتا ہے کہ اس پالیسی تنگ نظرسیاسی اصولوں پر مبنی ہے بجائے اسکے کہ اس میں عوام کی فلاح و بہبود کا خیال رکھا جائے ۔ مایاوتی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں صحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت پر صدمہ ہوا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ نریندر مودی حکومت ہٹ دھرمی والی اپنے پالیسی میں تبدیلی کرے اور اپنی کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ۔ ایسا کرنا ملک کے مفاد میں ہے ۔ رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کو کل ان کے دفتر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا ۔ مایاوتی نے کہا کہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی کے اقتدار پر رہنے کے باوجود کشمیر میں حالات قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ نہ صرف لائین آف کنٹرول پر اور سرحد پر ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے بلکہ ہمارے سکیوریٹی اہلکاروں کو بھی شہید کیا جا رہا ہے۔