نئی دہلی،24دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے مودی حکومت پر ملک کی صیانت سے سمجھوتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ پاکستان کے تعلق سے اس کی پالیسی اور نیت صاف نہیں ہے اس لئے سرحد پر دراندازی رک نہیں رہی ہے اور مسلسل جوان شہید ہورہے ہیں۔کانگریس کے سینئر ترجمان منیش تیواری نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سرحد پار سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے اور دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اس برس اس طرح کے اب تک 900واقعات ہوچکے ہیں جبکہ 2014میں 583، 2015 میں 400اور 2016میں 450واقعات ہوئے تھے ۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے ہوئی فائرنگ میں کشمیر میں کل شہید ہوئے میجر ایم پی امباداس ، سپاہی پرگٹ سنگھ، لانس نائک کلدیپ سنگھ اور گرمیل سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے سوال کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اقتدار میںآنے سے پہلے دعوی کرتے تھے کہ انکے اقتدار میں پاکستان کی طرف سے پرندہ بھی پر نہیں مار سکے گا۔ بی جے پی لیڈر پاکستان کو سبق سکھانے کی بات کرتے تھے لیکن اب پاکستان کے تعلق سے اس کے پاس کوئی پالیسی ہی نہیں ہے ۔ پہلے پاکستان کے تعلق سے جو بیان دئے گئے تھے اس سمت میں کچھ نہیں ہوا ہے ‘ وہ بیان گمراہ کرنے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے دئے گئے تھے ۔ترجمان نے سوال کیا کہ اگر پاکستان کے تعلق سے حکومت کی کوئی پالیسی ہے تو وہ کامیاب کیوں نہیں ہورہی ہے ۔ حکومت کو سمجھنا چاہئے کہ صرف تقریرسے قومی سلامتی نہیں چلتی ۔ اس کے لئے پالیسی چاہئے لیکن اس کے پاس پالیسی نہیں ہے اس لئے جوان شہید ہورہے ہیں۔ دریں اثناء مرکزی وزیر داخلہ نے 9.21کروڑ روپئے پارلیمنٹ کی حفاظت کیلئے جاری کردیئے ۔ مرکز نے ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ کرسمس و نئے سال تقاریب سے قبل نظم و ضبط کی برقراری کو یقینی بنائیں۔ وزارت داخلہ نے ریاستوں کو ہدایت دی کہ کرسمس و سال نو تقاریب کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے جانے چاہئیں ۔