حکومت و اپوزیشن کے مابین ایک اور ٹکراؤ ممکن

نئی دہلی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اور اپوزیشن کے مابین پارلیمنٹ میں ایک اور ٹکراو ہوسکتا ہے کیونکہ کانگریس نے اپنے اس مطالبہ کا اعادہ کیا کہ دیرینہ التوا کا شکار گوڈس اینڈ سرویس ٹیکسیس بل ( جی ایس ٹی ) پارلیمنٹ کی اسٹانڈنگ کمیٹی سے رجوع کیا جائے تاکہ اس کی جانچ ہوسکے ۔ پارٹی ترجمان سشمیتا دیو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے بل میں کئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں جسے لوک سبھا میں پیش کیا گیا ہے ۔ ایسے میں یہ ضروری ہے کہ اس بل کو پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی سے رجوع کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ ان کی پارٹی اس بل کی مخالف نہیں ہے کیونکہ اسی پارٹی نے یہ بل تیار کیا تھا ۔ تاہم ان کی پارٹی اس طریقہ کار کی مخالف ہے جو اس بل کے تعلق سے اختیار کیا جا رہا ہے ۔