نئی دہلی ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سمجھا جاتا ہیکہ اپنے کابینی رفقاء کو حوصلہ دیا کہ حکومت کو مدافعت کا انداز اختیار کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے، اور اس طرح جبری تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر اپوزیشن کے حملے کے پس منظر میں سخت موقف کو برقرار رکھا ہے۔ ’’ہم نے کچھ غلط نہیں کیا اور کیوں ہمیں فکرمند ہونا چاہئے‘‘ ایک ذریعہ نے وزیراعظم کے حوالہ سے بتایا کہ انہوں نے آج بعض وزراء کے ساتھ منعقدہ میٹنگ کے دوران یہ بات کہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وزراء کو عوام کے ساتھ راست رابطہ قائم کرنا چاہئے۔ یہ وزراء نے وزیراعظم کے ساتھ نشست منعقد کی تھی تاکہ موجودہ سیاسی صورتحال پر غوروخوض کیا جاسکے جہاں راجیہ سبھا میں جبری تبدیلی مذہب کے تنازعہ کی وجہ سے کوئی سرکاری کام کاج نہیں ہو پارہا ہے۔ وزیراعظم کا تبصرہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے مطالبات کے درمیان سامنے آیا ہیکہ انہیں ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے بڑھتے واقعات پر ایوان میں مباحث کا جواب دینا چاہئے اور اپوزیشن نے اعلان کر رکھا ہیکہ جب تک ایسا نہ ہو ایوان میں کام کاج نہیں ہوگا۔