حکومت نیسلے کے خلاف نہیں: پاسوان

نئی دہلی ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) معروف اسنیک میگی کو ریگولیٹری کارروائی کی بناء مارکٹ سے ہٹا لئے جانے کے چند ہفتے بعد وزیر تغذیہ و امور صارفین رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ حکومت کو سوئس کمپنی نیسلے سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم صرف کمپنی کے خلاف شکایت کی تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی صحت سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور میگی تنازعہ نے ملک میں غذائی تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کی ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسی بھی طرح کے ’’انسپکٹر راج‘‘ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگی ایک الگ تھلگ معاملہ ہے اور اس بارے میں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کوئی بھی بڑی کمپنی غیرمعیاری اشیاء فروخت کرنا نہیں چاہتی۔ کوئی ایک غلط پروڈکٹ ؍ واقعہ کا یہ مطلب نہیں کہ کمپنی ہی خراب ہے۔ پاسوان نے کہا کہ اگر کوئی معاملہ حکومت کے علم میں آئے تو وہ ضرور کارروائی کرے گی۔ کسی پروڈکٹ کے خلاف شکایت کی تحقیقات کی جائے گی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ساری کمپنی ہی خراب یا غیرمعیاری ہے۔