ممبئی ۔ 27 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں آج ریاستی گورنر کے شنکرا نارائنن کی جذباتی ودائی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان اور کابینی وزراء نے سبکدوش گورنر کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر کابینی وزراء چیف منسٹر کی قیادت میں ایک قطار میں کھڑے ہوکر کے شنکرا نارائنن اور ان کی اہلیہ سہیادری کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہ تقریب ریاستی گیسٹ ہاؤز واقع مالابار ہلز میں آج صبح منعقد کی گئی تھی ۔ اپنی وداعی تقریب میں مسٹر شنکرا نارائنن نے ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت نے ان کے ساڑھے چار سالہ مدت کے دوران سو فیصد سے زیادہ حمایت کی ہے۔ انہوں نے ریاست کے عوام کا بھی ان سے محبت کرنے اور ان کی مدت کے دوران تعاون کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سبکدوش گورنر کے کام کاج کی ستائش کی اور کہا کہ خصوصی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود ، اعلیٰ تعلیم اور تر قیاتی امور میں گورنر موصوف کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت، کابینی وزراء اور انہوں نے ان کی دانشوارانہ مشوروں اور قائدانہ صلاحیتوں سے بھی بہت حد تک استفادہ کیا ہے۔ خاص کر ایسے وقت جب ریاست شدید بحران کا سامنا کر رہی تھی۔ چوہان نے مزید کہا کہ وہ شخصی طور پر بھی کے شنکرا نارائنن کی سرپرستی اور مشوروں کو بھلا نہیں پائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر ان کی صحت اور سرگرم زندگی کیلئے نیک خواہش کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ممبئی پولیس کی جانب سے شنکرا نارائنن کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وداعی تقریب کے فوراً بعد شنکرا نارائنن اور ان کی اہلیہ کیرالا میں واقع ان کے آبائی وطن پالا گھاٹ کیلئے روانہ ہوگئے۔واضح رہے کہ سی ودیا ساگر راؤ جن کا تعلق آندھراپردیش سے ہے، کو مہاراشٹرا کے نئے گورنر کے طور پر تقرر کیا گیا ہے۔ فی الحال گجرات گورنر اوم پرکاش کوہلی مہاراشٹرا کے کارگزار گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔