حکومت مہاراشٹرا سے مسلمانوں کیلئے تحفظات کا بی جے پی رکن اسمبلی کا مطالبہ

ناگپور ۔ 17 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ناراض بی جے پی رکن اسمبلی آشیش دیشمکھ نے مہاراشٹرا حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت مسلم طبقہ کو تحفظات فراہم کرنے سے قاصر رہی ہے ۔ وہ کاٹول میں جو ناگپور کا ایک تعلقہ ہے بی جے پی کے ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے کہاکہ تحفظات نہ ہونے کی وجہ سے مسلم برادری اچھی تعلیم حاصل کرنے سے بھی قاصر ہے ۔ انھوں نے کہاکہ مسلمانوں کیلئے تحفظات کی فوری ضرورت ہے ، اس سے اُن کا اتحاد مستحکم ہوگا ۔ ملازمتوں اور تعلیمات دونوں میں اُنھیں تحفظات فراہم کرنے چاہیئے ۔ قبل ازیں کانگریس اور این سی پی حکومت نے ایک آرڈیننس اکٹوبر 2014 ء میں جاری کرتے ہوئے مسلمانوں کو ملازمتوں میں اور تعلیمی اداروں میں 5 فیصد اور مراٹھا طبقہ کو 16 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے بعد بمبئی ہائیکورٹ نے مراٹھا تحفظات اور مسلم تحفظات دونوں کو منسوخ کردیا ۔