حکومت موٹر بل کی منظوری یقینی بنائے گی: گڈکری

نئی دہلی 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نئے موٹر وہیکل بل کی پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کو یقینی بنائے گی۔ مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی وے نتن گڈکری نے آج کہا کہ ہم نہ صرف یہ بل متعارف کروائیں گے بلکہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں ہی منظور کرلیا جائے۔وہ تقریب کے موقع پر علیحدہ طور پر پی ٹی آئی کے نمائندہ سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت پہلے ہی نئے بل کے سلسلے میں کافی کام مکمل کرچکی ہے اور اس پر غورو خوض کے بعد اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔ اس بل کی منظوری سے ایک ایسے نظام کا آغاز ہوگا جو ملک کی سڑکوں کو زیادہ محفوظ اور حفاظتی معیاروں کی تکمیل کرنے والا بنا دے گا۔ فی الحال اس شعبہ پر موٹر وہیکلس ایکٹ 1988ء کا غلبہ ہے اور اس کی کئی دفعات بشمول خلاف ورزیوں پر جرمانہ سے متعلق دفعات غیرموثر ثابت ہوچکی ہیں۔ سڑک حادثات پر قابو پایا نہیں جاسکا ۔