کولکاتا 19نومبر (سیاست ڈاٹ کام )حکومت کی اجازت کے بغیر پرائیوٹ اسکول کھولنے پر کارروائی کی بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے آج کہا ہے کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں پرائیوٹ اسکولوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ریاستی حکومت سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکٹ)لیے بغیر پرائیوٹ اسکول والے بزنس کررہے ہیں۔حکومت اس معاملے کی جانچ کرے گی۔مغربی بنگال اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارتھو چٹرجی نے کہا کہ اسکول انتظامیہ سے بات چیت اور خالی سیٹیوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی اسکولوں میں ٹیچروں کی تقرری ہوگی۔کانگریس ممبراسمبلی اسیت مترا کے ایک سوال کے جواب میں ریاستی وزیر تعلیم پارتھوچٹرجی نے کہا کہ حکومت کے زیر انتظام چلنے والے پرائیوٹ اسکولوں میں طلباء کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔اپر پرائمری میں بھی گزشتہ تعلیمی سال میں 0.17فیصد کمی آئی ہے ۔جب کہ سیکنڈر ی میں پہلے 26.32فیصد طلباء تعلیم حاصل کرتے تھے اب کم ہوکر 14.64فیصد ہوگئے ہیں۔ہائر سیکنڈری میں 2016-17میں 21.52فیصد طلباء کی تعداد تھی جو گھٹ کر 11.04فیصد ہوگیا ہے ۔