حکومت متنازعہ بل نہ لائے :اپوزیشن

نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن نے آج کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آسانی سے چلانے کے لئے کوئی متنازعہ بل نہیں لانا چاہئے ۔ بجٹ سیشن کو آسانی سے چلانے کے سلسلے میں بات چیت کے لئے حکومت کی طلب کردہ کل جماعتی میٹنگ کے بعد راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے میٹنگ میں واضح کیا ہے کہ حکومت سیشن کے دوران ایسا کوئی متنازعہ بل لے کر نہ آئے جس پر اتفاق رائے نہ ہو۔ وہ ایسا بل لائے جس پر سبھی جماعتوں کی رضامندی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں بنیادی طور پر صدر کے خطاب اور عبوری بجٹ پر بحث ہوگی۔ اس کے بعد مشکل سے تین چار دن کا وقت بچے گا۔اس میں حکومت کسانوں، مہنگائی، خواتین اور بے روزگاری کے مسئلے پر بحث کرے جس سے اس وقت کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے ۔ آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم نے میٹنگ میں بتایا کہ حکومت عبوری بجٹ ہی پیش کرے گی، مکمل بجٹ نہیں۔