حکومت لوک پال بِل کی منظوری کی پابند: مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور

نئی دہلی 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور کمل ناتھ نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت لوک پال بِل کی منظوری کی خواہاں ہے لیکن طریقہ کار کی پابندی بھی ضروری ہے۔ راجیہ سبھا کی سلیکٹ کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ پہلے اِس پر راجیہ سبھا میں مباحث کئے جائیں گے کیونکہ یہ ایک مختلف مسودہ قانون ہے جس کی لوک سبھا سے منظوری ہنوز باقی ہے۔ اِسے لوک سبھا میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ حکومت اِس کے طریقہ کار پر غور کررہی ہے اور دیگر سیاسی پارٹیوں سے تبادلہ خیال جاری ہے۔ اِس سوال پر کہ کیا اپوزیشن کے سرمائی اجلاس کی توسیع کے مطالبہ پر حکومت غور کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس پر فیصلہ 15 یا 16 ڈسمبر کو کیا جائے گا۔ اِس کا انحصار پارلیمنٹ کی کارروائی پر ہوگا۔ آخری دن بھی اجلاس میں توسیع کی جاسکتی ہے لیکن پہلے یہ دیکھنا ضروری ہوگا کہ سرمائی اجلاس پیشرفت کرتا ہے اور اِس میں کتنا کام انجام پاتا ہے۔