نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)چونکہ کانگریس کی چار ریاستوں میں شکست کو قیمتوں میں اضافہ سے منسوب کیا جارہاہے،اس لئے حکومت کو آج توسیعی کانگریس ورکنگ کمیٹی میٹنگ میں بعض سخت باتوں کو سہنا پڑا جس میں قائدین نے اُس پر زور دیا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل اپنی توانائیوں کو مجتمع کرتے ہوئے سرعت کے ساتھ اقدامات کئے جائیں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت کو سرگرمی سے کام لیتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے چاہئے
جو عام آدمی کو فائدہ پہنچائیں جیسے رعایتی ایل پی جی سلنڈروں کی حد کو 9 سے 12کردینا اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ جیسے اقدامات سے گریز کرنا شامل ہیں۔ایک رکن نے کہا کہ وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی یکا و تنہاکردیئے گئے نیز قائدین نے اصرار کیا کہ حکومت کو ایل پی جی سلنڈروں کے مسئلہ پر فیصلہ میں تاخیر نہیں کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم منموہن سنگھ اور وزیر فینانس پی چدمبرم نے جو اُس وقت موجود تھے، اس میٹنگ میں مخاطب نہیںکیا۔ چار ریاستوں میں شکست کے بعد پارٹی سربراہ سونیا گاندھی نے کہا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ شکست کی ایک وجہ رہی ہے۔ بعض قائدین بالخصوص کیرالا کے رمیش چینیتالا نے ریٹیل شعبہ میں ایف ڈی آئی کی مخالفت کی۔