دمشق۔19جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت شام نے باغیوں کے زیرقبضہ مشرقی علاقہ غوطہ پر فضائی حملے کئے جس کی وجہ سے کم از کم 12افراد ہلاک ہوگئے ۔ شامی رسدگاہ برائے انسانی حقوق نے بھی اطلاع دی ہے کہ شمالی شام میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ جس کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد اس صوبہ میں جاریہ ہفتہ 82ہوگئیں ۔ دمشق کے مضافات میں فضائیہ نے عربین کے مقام پر پانچ فضائی حملے کئے جن میں 12افراد بشمول تین خواتین اور د و بچے ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔ برطانیہ میں قائم شامی رسدگاہ کے بموجب ہیلی کاپٹرس سے زبادانی کے علاقہ پر 18بیارل بم برسائے گئے ۔یہ باغیوں کا لبنان کی سرحد سے متصل آخری مستحکم گڑھ ہے ۔ چار فضائی حملوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔
شامی رسدگاہ کے بموجب تین باغی اس قصبے کے متصلہ قصبہ ڈوما میں دراندازی کی کوشش کے دوران ہلاک کردیئے گئے ۔ حکومت شام کی فوجیں جنہیں لبنان کی حزب اللہ کی تعداد حاصل ہے ۔ زبادانی پر گذشتہ چند ہفتوں سے حملوں میں مصروف تھے ۔ کئی مقامی شہری غذائی اجناس کا ذخیرہ چھوڑ کر فرار ہوگئے کیونکہ محاصرہ کی وجہ سے دوا اور غذا کی قلت پیدا ہوگئی تھی ۔ کارکنوں کے بموجب اب بھی چند ہزار شہری یہاں موجود ہیں ۔ شامی عہدیداروں نے 200سے زیادہ قیدیوں کو جن میں سے بیشتر انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت گرفتار کئے گئے تھے عیدالفطر کے موقع پر رہا کردیئے ۔ کئی خواتین اُن 240 قیدیوں میںشامل تھیں جنہیں کل رہا کیا گیا ۔ انسانی حقوق کارکن مائیکل شمس نے اس رہائی کی اطلاع دی ہے ۔