حکومت رام مندر کی فوراً تعمیرکرے گی :ونئے کٹیار

نئی دہلی 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی کے شعلہ بیان قائد ونئے کٹیار نے کافی اشارے دیئے کہ ان کی پارٹی سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد رام مندر کی تعمیر کا فوری آغاز کرے گی۔ بی جے پی قائد نے یقین ظاہر کیا کہ سپریم کورٹ ہائی کورٹ کے خطوط پر مثبت فیصلہ سنائے گی۔ ونئے کٹیار نے کہا کہ پہلے حکومت سنبھالنے دیجئے اس کے بعد عدالت میں مقدمہ کی پیروی کی جائے گی ۔ ان کے خیال میں سپریم کورٹ سے بھی انصاف حاصل ہوگا ۔ ہائی کورٹ نے پہلے ہی اپنے فیصلہ میں متنازعہ مقام پر رام مندر کے وجود کی توثیق کردی ہے اور انہیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ بھی ایسا ہی کرے گی ۔ اس سوال پر کہ اگر سپریم کورٹ رام مندر کی از سر نو تعمیر کی اجازت دے دے تو کیا ہوگا انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کے بعد کوئی بھی اس کے خلاف نہیں جاسکتا ۔ دستور ہند کی دفعہ 370 کے مسئلہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال اس پر کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے 2014 کے لئے لوک سبھا انتخابات کے انتخابی منشور میں ایودھیا میں رام مندر کی از سر نو تعمیر کا تیقن دے چکی ہے ۔ انتخابی منشور میں کہا گیا تھا کہ بی جے پی اپنے اس موقف کا اعادہ کرتی ہے کہ دستور کے چوکھٹے میں تمام امکانات کا پتہ چلایا جائے گا تا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر میں سہولت فراہم کرنے کا جائزہ لیا جاسکے ۔