حکومت تاملناڈو کا مرکز کی مدد حاصل کرنے سے انکار

این آئی اے، این ایس جی اور فارنسک ماہرین کی ٹیموں کو نہ بھیجا جاسکا
نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کو آج ٹرین دھماکوں کے تناظر میں این آئی اے، این ایس جی اور فارنسک ماہرین چینائی بھیجنے سے مجبوراً رک جانا پڑا کیونکہ حکومت تاملناڈو نے ایسی کوئی مدد کی ضرورت ظاہر نہیں کی۔ چیف منسٹر تاملناڈو جیہ للیتا لا اینڈ آرڈر کے معاملہ میں مرکزی ایجنسیوں کی مداخلت کے سخت خلاف ہے۔ انہوں نے آج بم دھماکوں کے سلسلہ میں مرکز کی مدد دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ پولیس کے ان

دھماکوں کی تحقیقات کیلئے پوری اہل ہے۔ حکومت تاملناڈو کے اس موقف کی بناء وزارت داخلہ نے این آئی اے، این ایس جی اور فارنسک ماہرین کی ٹیمیں چینائی کو بھیجنے کا پروگرام فوری ملتوی کردیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے پہلے ان ٹیموں کو روانہ کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن حکومت ٹاملناڈو کے موقف کی بناء سے اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا۔ اس دوران جیہ للیتا نے دھماکوں کی سی بی۔ سی آئی ڈی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ریاستی حکومت نے وزارت داخلہ کو مطلع کردیا کہ پولیس تحقیقات کی اہل ہے۔ وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہا کہ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہیکہ وہ ریاستی حکومت کو تمام ممکنہ مدد فراہم کریں۔ مرکزی معتمدداخلہ انیل گو سوامی نے بھی کہا کہ مرکزی حکومت تاملناڈو حکومت کے ساتھ مسلسل ربط برقرار رکھے ہوئے ہے اور تمام ممکنہ مدد کیلئے تیار ہیں۔