حکومت بنانے عام آدمی پارٹی کو کانگریس کی غیر مشروط تائید

نئی دہلی 13 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں تشکیل حکومت کی کوششوں کو ایک نئی جہت عطا کرتے ہوئے کانگریس نے آج عام آدمی پارٹی کو اپنے آٹھ ارکان کی غیر مشروط تائید کی پیشکش کی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے اب تک حکومت تشکیل دینے سے پس و پیش کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس نے آج لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو دہلی میں آئندہ حکومت تشکیل دینے غیر مشروط تائید فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ دہلی کے عوام پر تازہ انتخابات کا بوجھ عائد کرنا نہیں چاہتی ۔ تاہم عام آدمی پارٹی کے لیڈر پرشانت بھوشن نے فوری رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے کانگریس کی تائید حاصل کرنے کا امکان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی تائید کرنا یا کسی سے تائید حاصل کرنا اصل مسئلہ نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی نے کل صبح 10.30 بجے لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ کی عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال سے ہونے والی ملاقات سے قبل اپنی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ نجیب جنگ کل کجریوال سے تشکیل حکومت کے امکان پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری و دہلی امور کے نگران شکیل احمد نے کہا کہ پارٹی نے نجیب جنگ کو یہ بتادیا ہے کہ اگر عام آدمی پارٹی حکومت تشکیل دینے کو تیار ہے تو کانگریس باہر سے اس کی تائید کریگی ۔ شکیل احمد نے کہا کہ ہم نے لیفٹننٹ گورنر دہلی کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر عام آدمی پارٹی دہلی میں حکومت تشکیل دینے تیار ہے تو ہم باہر سے تائید کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام آٹھ ارکان اسمبلی حکومت کی باہر سے تائید کرینگے ۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر جے پی اگروال نے نجیب جنگ کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ کانگریس کے آٹھ ارکان اسمبلی کی تائید غیر مشروط رہے گی تاکہ نئی حکومت جلد از جلد قائم ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عام آدمی پارٹی کو غیر مشروط تائید فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے تاکہ ایک حکومت قائم ہوسکے ۔ دہلی کے عوام کو ایک حکومت ملنی چاہئے ۔ یہ عام آدمی پارٹی کی اب ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت تشکیل دے ۔ مسٹر پرشانت بھوشن نے تاہم کہا کہ ان کی پارٹی حکومت تشکیل نہیں دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کانگریس کی تائید حاصل نہیں کرینگے ۔ 70 رکنی دہلی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کے 28 ارکان اسمبلی ہیں اور کانگریس کے 8 ارکان کی تعداد سے اسے 36 ارکان کی تائید کے ساتھ سادہ اکثریت مل جائیگی ۔ نجیب جنگ نے کل اروند کجریوال کو حکومت تشکیل دینے بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے ۔ قبل ازیں آج دن میں سینئر قائدین سے ملاقات کے بعد عام آدمی پارٹی لیڈر یوگیندر یادو نے کہا کہ جب پارٹی سربراہ اروند کجریوال گورنر سے ملاقات کرینگے تو وہ واضح کردینگے کہ چونکہ پارٹی کو درکار اکثریت حاصل نہیں ہے اس لئے وہ حکومت تشکیل نہیں دے گی۔ کل بی جے پی نے بھی دہلی میں حکومت تشکیل دینے کی دعوت مسترد کردی تھی ۔ بی جے پی کے 31 ارکان ہیں اور وہ واحد بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ۔ بی جے پی کی حلیف اکالی دل کو ایک نشست پر کامیابی ملی ہے ۔ نجیب جنگ سے ملاقات کے بعد بی جے پی کے وزارت اعلی امیدوار ہرش وردھن نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دے گی کیونکہ اسے کوئی واضح اکثریت حاصل نہیں ہے ۔ ایک بیان میں بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر وجئے گوئل نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کو تشکیل حکومت کیلئے آگے آنا چاہئے اور جو مدد درکار ہے بی جے پی فراہم کریگی ۔ آٹھ کانگریس ارکان اسمبلی نے کل نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرکے کہا تھا کہ پارٹی کو عام آدمی پارٹی کی تائید کرنی چاہئے ۔ ذرائع نے کہا کہ ارکان اسمبلی کا راہول گاندھی سے کہنا تھا کہ وہ مختصر وقت میں دوبارہ انتخابات کا سامنا کرنے تیار نہیں ہیں ۔