حکومت ’اچھے دن‘ لانے کے درست راستہ پر

گجرات بلدی انتخابات : خان پور میں ایک مرکز رائے دہی پر اڈوانی کا اظہار خیال
احمدآباد۔22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بہار میں شرمناک شکست کے بعدعلم بغاوت بلند کرنے والے پارٹی کے سرپرست ایل کے اڈوانی نے آج اپنا حق رائے دہی احمدآباد کے بلدی انتخابات کیلئے خان پور کے مرکز رائے دہی پر استعمال کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے خیال میں پورے نظام کے لئے وقت درکار ہوگا ۔ حکومت درست راہ پر چل رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ نتائج اچھے برآمد ہوں گے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا مودی حکومت اچھے دن واپس لانے کے اپنے تیقنات کی تکمیل سے قاصر رہی ہے ‘ جب کہ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا مقبول عام نعرہ ’’ اچھے دنوں کی واپسی‘‘ تھا ۔ 6مجالس بلدیہ کے انتخابات بشمول احمدآباد ریاست میںجاری ہے ۔ پارٹی کے سینئر قائد اڈوانی ‘ مرلی منوہر جوشی ‘ شانتا کمار اور یشونت سنہا نے سخت الفاظ پر مشتمل ایک بیان بہار انتخابات پر مباحث کے بعد جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی گذشتہ ایک سال میں کمزور ہوچکی ہے اور مٹھی بھر افراد کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں کہ وہ برسراقتدار پارٹی کو بہار کی انتخابی ناکامی کے بعد کس انداز سے دیکھتے ہیں ۔ اڈوانی نے کہا کہ بی جے پی نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ مجلس بلدیہ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں ‘ اپنی پوری طاقت لگادی ہے ۔ تمام کوششیں کی جارہی ہیں کہ یہاں پر انتخابی نتائج پارٹی کے حق میں حاصل ہوں اور جو کوششیں انتخابی نتائج سے جھلکیں گے وہی اُن کی رائے ہوگی ۔ گاندھی نگر کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے برابر اہمیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بلدی انتخابات میں 50فیصد نشستیں خاتون امیدواروں کیلئے مختص کی گئی ہیں ۔ چار امیدوار ایک ہی پارٹی کے ہر وارڈ سے انتخابی مقابلہ میں ہیں ۔ انہوں نے خوشی ظاہر کی کہ ارکان پارلیمنٹ کو بھی بلدی انتخابات میں حق رائے دہی کے استعمال کی اجازت دی جارہی ہے ۔وہ نئے نظام کے تحت برقی رائے دہی مشین پر پہلی بار اپنا ووٹ دے رہے ہیں ۔