حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں

گجویل میں اقلیتی اقامتی اسکول کا افتتاح، میدک ایم پی اور دیگر کا خطاب
گجویل۔/25جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اندرون تین سال ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کمربستہ ہوکر اپنے انتخابی منشور کی پابجائی کے علاوہ مسلمانوں کیلئے کئی نئی اسکیمات کے ذریعہ فائدہ پہنچارہی ہے۔ یہ بات میدک کے رکن پارلیمنٹ مسٹر کے پربھاکر ریڈی نے آج مستقر گجویل کے سید ہاشم کالج میں نو قائم کردہ اقلیتی اقامتی اسکول برائے بوائز و ریاستی ہاؤزنگ کارپوریشن چیرمین بھوم ریڈی، ریاستی فڈ کارپوریشن چیرمین الکشن ریڈی اور ریاستی روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن چیرمین نرسا ریڈی کے ہمراہ افتتاح کرنے کے بعد وہاں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مسٹر پربھاکر ریڈی نے کہاکہ فی الحال ریاست میں طلباء و طالبات کیلئے کل ملاکر 204 اقلیتی اقامتی اسکول قائم کئے گئے ہیں جس سے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے بچوں کے علاوہ خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے طلباء و طالبات تعلیمی امور سے آراستہ ہورہے ہیں۔ اس موقسع پر انہوں نے وہاں موجود طلبہ میں کتب کے علاوہ اسکولی یونیفارمس تقسیم کئے۔