حکومت اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے سنجیدہ

سابق ایم ایل سی سلطان احمد و فرزند کا پارٹی میں استقبال : چیف منسٹر
حیدرآباد 27 فبروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ اُن کی حکومت اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ انتخابات میں اقلیتوں سے جو وعدے کئے گئے تھے اس کے علاوہ کئی نئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کانگریس کے سابق ایم ایل سی سلطان احمد اور اُنکے فرزند محمد ذوالفقار احمد صدر نشین اگریکلچرل مارکٹ کمیٹی کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ انہو ںنے کہا کہ پارٹی میں اقلیتوں سے مناسب انصاف کیا جائے گا۔ جناب سلطان احمد اور انکے فرزند نے آج کیمپ آفس میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر نے اُن کی شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس میں خدمت کا جذبہ رکھنے والے قائدین کی ضرورت ہے ۔ جناب سلطان احمد کی عوامی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ طویل عرصہ سے ان سے واقف ہیں اور سلطان احمد نے کبھی بھی عہدہ کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت کو ترجیح دی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلطان احمد اور اُن کے فرزند ذوالفقار احمد کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے نہ صرف عادل آباد بلکہ دیگر علاقوں میں ٹی آر ایس مستحکم ہوگی اور اقلیتیں ٹی آر ایس کے قریب ہوں گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے سلطان احمد کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سلطان احمد کا تعلق عادل آباد ضلع سے ہے اور اُن کا شمار کانگریس کے سینئر قائدین میں ہوتا ہے۔ وہ قانون ساز کونسل کی رکنیت کے علاوہ پارٹی میں کئی اہم عہدوں پر فائز ہوچکے ہیں۔ اُن کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر عادل آباد سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء این اندرا کرن ریڈی‘ جوگو رامنا کے علاوہ ارکان اسمبلی این اوڈیلو ‘ کے لکشمی‘ منوہر ریڈی‘ وٹھل ریڈی اور عامر شکیل موجود تھے۔ضلع سے تعلق رکھنے والے قائدین اور سلطان احمد کے حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جناب سلطان احمد نے کہا کہ وہ پارٹی کے استحکام اور اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے مساعی کریں گے ۔