نئی دہلی 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ریزرو بینک آف انڈیا بورڈ کے اجلاس سے قبل کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ریزرو بینک کے 9 لاکھ کروڑ روپئے کے ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔ اپنے ٹوئیٹس میں سابق وزیر فینانس نے ادعا کیا کہ حکومت اور ریزرو بینک ایک دوسرے سے ٹکراو کی راہ پر ہیں ۔ یہ صورتحال پیر کو ہونے والے بورڈ اجلاس میں واضح ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریزرو بینک اور اس کے 9 لاکھ کروڑ ڑوپئے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔ جو اختلافات ظاہر کئے جا رہے ہیں وہ محض ایک دکھاوا ہیں۔ چدمبرم نے کہا کہ دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ مرکزی بینک ‘ جسے بورڈ کے ذریعہ چلایا جاتا ہے ‘ کچھ خانگی افراد کے اشاروں پر کام کرے۔ مسٹر چدمبرم نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ 19 نومبر کا دن ریزرو بینک کی آزادی اور ہندوستانی معیشت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک کے پاس 9.59 لاکھ کروڑ روپئے کے ذخائر موجود ہیں اور جو اطلاعات ہیں وہ اگر درست ہیں تو حکومت ان پر قبضہ کرنا چاہتی ہے یا پھر کم از کم اس کے ایک تہائی حصے کو حاصل کرنا چاہتی ہے۔
حکومت نے تاہم ایسے کسی ارادہ یا منصوبے سے انکار کیا تھا ۔ کل بورڈ اجلاس ہونے والا ہے ۔