نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جمعہ کو حکومت نے لوک سبھا میں بیان دیا کہ کسی بھی پارٹی یا اتحادی فریق کی جانب سے حکومت کی عدم تشکیل کے باعث گورنر کے لئے کوئی دوسرا متبادل نہیں تھا سوائے صدر راج نافذ کرنے کے اور کہاکہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے لئے مرکز پوری طرح تیار ہے۔ صدارتی اعلامیہ پر بحث کرتے ہوئے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے اس بات کو مسترد کردیا کہ بی جے پی ایک مقامی پارٹی کی مدد سے حکومت قائم کرنا چاہتی ہے۔ مسودہ کو ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کرلیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ اگر بی جے پی کسی بھی اتحاد کرکے حکومت قائم کرنا چاہتی تو گورنر راج کے دور میں وہ بہ آسانی ایسا کرسکتی تھی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ ریاستی گورنر این این ووہرہ نے جون میں ایک رپورٹ روانہ کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست میں کوئی بھی سیاسی پارٹی حکومت تشکیل دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔