حکمران سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی کے خلاف کیس درج

احتجاج کے دوران ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام
مظفر نگر ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): ضلع شیاملی میں کندھلا ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کے دن پرتشدد احتجاج کے دوران ریلوے املاک پر حملہ اور ٹرین سرویس میں خلل پیدا کرنے کے الزام میں حکمران سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ناہید حسین کے بشمول 2 ہزار افراد کے خلاف ریلوے پروٹیکشن فورس نے ایف آئی آر درج کرلیا ہے ۔ یہ احتجاج یکم مئی کو دہلی کنڈھلا ٹرین میں بعض شرپسندوں کی جانب سے تبلیغی جماعت کارکنوں پر مبینہ حملہ کے خلاف کیا گیا تھا ۔ جس کے دوران احتجاجیوں نے پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ ، پولیس کی گاڑیوں پر سنگباری اور آگ لگادی تھی ۔ اس تشدد میں 16 پولیس ملازمین زخمی ہوگئے تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس RPF مسٹر کے پی پانڈے نے بتایا کہ ریلوے ایکٹ دفعہ 174 کے تحت 2 ہزار افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا جب کہ 2 افراد بشمول رکن اسمبلی ناہید حسین اور صدر نشین کنڈھلا نگر پنچایت حاجی بابلو حسن کا نام شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تشدد پر آمادہ ہجوم نے کنڈھلا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سرویس کو درہم برہم اور ریلوے املاک کو نقصان پہنچایا تھا ۔ دریں اثناء ٹرینوں میں تبلیغی جماعت ارکان پر مبینہ حملو کی شکایات کے پیش نظر دہلی ۔ سہارنپور روٹ پر ریل گاڑیوں میں حفاظتی انتظامات سخت کردئیے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس گورنمنٹ ریلوے پولیس داواشیرپا نے بتایا کہ ناخوشگوار واقعات کے پیش نظر سادہ لباس میں پولیس اور آر پی ایف عملہ کو متعین کردیا گیا ہے ۔ تبلیغی کارکنوں پر حملوں کے بعد ضلع مظفر نگر اور پڑوسی اضلاع بشمول شیاملی میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں ۔ جہاں پر ستمبر 2013 میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران 60 افراد ہلاک ہزارہا افراد بے سر و سامان ہوگئے تھے ۔۔