حکمرانی کا سبق مودی سے سیکھیں، شاہی کا اکھیلیش کو مشورہ

دیوریہ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام )حکومت یو پی کو نظم و قانون کی ابتر صورتحال پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی کے سینئر قائد سوریہ پرتاب شاہی نے آج چیف منسٹر یو پی اکھیلیش یادو کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت چلانے کا سبق وزیر اعظم نریندر مودی سے سیکھیں جو مرکز کی حکومت چلا رہے ہیں ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اکھیلیش یادو کو وزیر اعظم مودی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے جنہوں نے تین ماہ بحیثیت وزیر اعظم حکومت کے دوران اتنا کچھ کیا ہے جو کوئی بھی وزیر اعظم یا چیف منسٹر دس سال میں بھی نہیں کرسکا ۔ ریاست کو در پیش مسئلہ کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ہزار کروڑ روپئے گنے کے کاشتکاروں کو ہنوز واجب الادا ہے ۔ دیہاتوں میں مسلسل آٹھ دن سے بجلی سے سربراہی نہیں ہے ۔ فرقہ وارانہ جنون عروج پر ہے ۔عصمت ریزیوں اور بد سلوکیوں کے واقعات عام ہیں۔