ریاض ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے نجران کے نزدیک واقع یمنی علاقے میں ایک فضائی حملے میں حوثی ملیشیا کا ایک لیڈر عبداللہ قاید الفدع اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ منگل کی صبح سعودی اتحاد کے لڑاکا طیارے نے اس کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔ عبداللہ کا شمار حوثی ملیشیا کے صف اول کے جنگجو کمانڈروں میں ہوتا تھا۔وہ نجران کے ساتھ سرحد پر سعودی سکیورٹی فورسز کے خلاف جنگ آزما حوثی ملیشیا کا ڈپٹی جنرل سپروائزر تھا۔ ادھر یمن کے جنوب مغربی شہر تعز میں حوثی باغیوں نے ایک مصروف بازار پر دو راکٹ فائر کیے ہیں جس کے نتیجے میں چھ شہری ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔