گجرات کے دو افراد گرفتار، کمیشن کی بنیاد پر رقم منتقلی کا شاخسانہ
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں پولیس نے حوالہ کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے گجرات سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے بھاری رقم برآمد کرلیا۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر نے کہاکہ 36 سالہ بھاویش پٹیل اور اُس کا ساتھی سریش کمار دیا بھائی پٹیل جس کا تعلق مہسانہ ضلع گجرات سے ہے سکندرآباد کے علاقہ مہانکالی میں دو بڑے بیاگوں میں لاکھوں روپئے کی نقد رقم غیر قانونی طور پر منتقل کررہے تھے کہ پولیس نے اُنھیں شبہ کی بنیاد حراست میں لے لیا۔ انجنی کمار نے کہاکہ مہانکالی پولیس ٹیم نے گجرات سے تعلق رکھنے والے افراد کی تلاشی لی جس کے نتیجہ میں اُن کے بیاگس سے 99 لاکھ 36 ہزار نقد رقم روپئے برآمد ہوئے جوکہ 2 ہزار اور 500 روپئے کے نوٹوں پر مشتمل تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ گرفتار افراد گجرات میں مقیم اپنے آلہ کاروں انکت پٹیل اور امیت این مہتا کی مدد سے شہر میں بڑے پیمانے پر گزشتہ تین مہینوں سے حوالہ کا کاروبار چلارہے تھے۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ معقول کمیشن حاصل کرتے ہوئے بھاویش پٹیل اور سریش پٹیل غیرقانونی رقم کی منتقلی میں ملوث ہیں۔ پولیس نے گرفتار شدہ افراد کو ضبط کی گئی رقم کے ساتھ محکمہ انکم ٹیکس کے حوالہ کردیا۔