حوالہ ریاکٹ بے نقاب 1.10 کروڑ روپئے ضبط

ٹاسک فورس ساوتھ زون ٹیم کی کارروائی دو گرفتار
حیدرآباد ۔ /7 اگست (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے آج حوالہ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ایک کروڑ 10 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر بی لمبا ریڈی نے بتایا کہ 27 سالہ موتی سنگھ راج پروہیت عرف مہیندر چودھری ساکن گولی گوڑہ جامباغ اپنے ساتھی 29 سالہ انیل مندالیک ساکن بیگم بازار کے ہمراہ آج حوالہ کی رقم منتقل کررہا تھا کہ اسے ٹاسک فورس ٹیم نے شاہ عنایت گنج میں گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد کو حراست میں لیکر ان کی تفتیش کی گئی جس میں انہوں نے بتایا کہ ایک کروڑ 10 لاکھ بھاری رقم گلزار ہاؤس کے سونی اگروال کی ہے اور ممبئی کے ہیرالال چودھری کی ہدایت پر رینو کا ماتا کوآپریٹیو سوسائٹی کے کھاتے میں بے نامی اکاؤنٹ میں جمع کروانے کیلئے منتقل کی جارہی تھی ۔ تفتیش میں موتی سنگھ نے بتایا کہ ہیرالال حیدرآباد کے سونے ،چاندی کے تاجرین سے نقد رقم حاصل کرکے اسے دوبئی منتقل کرکے وہاں سے بسکٹ کی شکل میں سونے کو منتقل کیا کرتا تھا ۔ موتی سنگھ راج پروہیت ہیرالال چودھری کا کلکشن ایجنٹ ہے جبکہ انیل مندالیک رینوکا ماتا کوآپریٹیو سوسائیٹی کا برانچ منیجر ہے ۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری رقم برآمد کی گئی اور انہیں شاہ عنایت گنج پولیس کے حوالے کردیا گیا۔