حوالہ ریاکٹ بے نقاب ، چار افراد گرفتار

لاکھوں روپئے ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /8 اگست (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں ایک حوالہ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے راجستھان سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپئے کے حوالے کی رقم برآمد کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ 36 سالہ لال چند پانڈیا جس کا تعلق ضلع چورو راجستھان سے ہے ۔ شہر میں عیٰسی میاں بازار علاقے میں رہتا ہے ۔ اس نے دہلی سے تعلق رکھنے والے حوالہ کاروباری شام لال سے رابطہ قائم کیا اور اس کی مدد سے ملک کے کئی حوالہ ایجنٹ سے تعلقات قائم کرلئے اور وہ حوالے کا کاروبار شروع کردیا ۔ 0.6 تا 0.8 شرح کمیشن پر وہ حوالہ کا کاروبار کرنے لگا اور غیرقانونی طور پر رقم کی منتقلی کرتے ہوئے بڑے تاجرین کو لاکھوں روپئے کی نقد رقم فراہم کررہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ لال چند پانڈیا نے واٹس ایپ کے ذریعہ اپنے ساتھی حوالہ ایجنٹس سے مسلسل ربط میں تھا ۔ شہر میں بڑے پیمانے پر حوالے کا کاروبار چلائے جانے کی اطلاع پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے کوٹھی گجراتی گلی سے تین حوالے ایجنٹس بجرنگ لال پاریک ، دلیپ کمار اور کے تروپتی راؤ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 72 لاکھ 73 ہزار کی حوالے کی رقم برآمد کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ ضبط شدہ رقم دہلی کو منتقل کی جارہی تھی ۔ گرفتار افراد کو ضبط شدہ رقم کے ساتھ محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا گیا ۔