حیدرآباد 8مئی ( سیاست نیوز)کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ایک حوالہ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد بشمول سٹی سکریٹری پاپولر فرنٹ آف انڈیا( پی ایف آئی) اور ایک حوالہ ایجنٹ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 6 لاکھ حوالہ کی رقم برآمد کرلی۔ اڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی کے بموجب نارتھ زون ٹیم نے پی ایف آئی کے سٹی سکریٹری سید برکت اللہ باشاہ ساکن امان نگر تالاب کٹہ اور اس کے ساتھی بلونت سنگھ پروہت کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل سکریٹری پی ایف آئی عارف احمد نے مبینہ طور پر برکت اللہ باشاہ کو بتایا کہ دہلی کنٹرول کے دفتر سے 6 لاکھ روپئے حوالہ چینل سے حیدرآباد منتقل کئے جارہے ہیں اور اس رقم کو انتخابات میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کیلئے فراہم کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 لاکھ روپئے حوالہ کی رقم کو ضلع کرنول ، نندیال اور نیلور میں ایس جی پی آئی پارٹی کے امیدواروں کیلئے استعمال کی جانے والی تھی۔ بتایا جاتا ہیکہ برکت اللہ باشاہ نے بلونت سنگھ پروہت جو مبینہ حوالہ ایجنٹ ہے کو 10 روپئے کی نوٹ بطور اشارہ دکھائی اور اس سے 6 لاکھ روپئے حاصل کرلئے ۔ ٹاسک فورس نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ رقم کو نندیال اور کرنول کو منتقل کی جارہی تھی کہ اس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے خلاف مزید کارروائی کیلئے افضل گنج پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔