جکارتہ۔24(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کی اسٹار نشانہ بازحنا سدھو نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے18 ویں ایشیائی کھیلوں میں بھی اپنے لئے میڈل کا سلسلہ جاری رکھا اورآج خواتین کے10 میٹر ایئر پسٹل نشانے بازی مقابلے میں ملک کے لئے برونزمیڈل جیتا جبکہ منوبھاکر اس مرتبہ بھی میڈل سے محروم ہوگئیں ۔خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے کے فائنل میں حنا نے 219.2 کا اسکور کر کے پوڈیم پر جگہ بنائی اوربرونز میڈل جیتا۔ منو اس مرتبہ بھی میڈل تک نہیں پہنچ سکیں اور آٹھ کھلاڑیوں میں پانچویں نمبر پر رہیں۔ منو نے 176.2 کا اسکور کیا۔28 سالہ حنا نے اس سے پہلے 2010 کے گوانگ ژوایشیائی کھیلوں میں بھی10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے کا برونزمیڈل جیتا تھا جبکہ اسی سال2010 دہلی دولت مشترکہ کھیلوں میں انہوں نے10 میٹر ایئر پسٹل میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔