حمیرپور میں رام مندر کی تعمیر کیلئے آر ایس ایس اور وی ایچ پی کا جلوس

حمیرپور (ہماچل پردیش) ۔ 10 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس اور وی ایچ پی کے زیراہتمام پیر کے دن ایک جلوس نکالا جائیگا جس میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کا مطالبہ کیا جائے گا ۔ ریاست گیر سطح سے سنتھ اس جلوس میں شرکت کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ حکومت 2019 ء لوک سبھا انتخابات سے قبل ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا اپنا وعدہ پورا کرے ۔ مہنت راجندر گیری (بابا بالک ناتھ مندر ) نے ہندوؤں سے متحد ہونے کی اور ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ مندر کی تعمیر کی مخالفت ہندو دشمنی اور ہندوازم کے عقیدے سے دشمنی کے مترادف ہے ۔ ریاستی صدر آر ایس ایس قسمت کمار نے کہاکہ مرکزی حکومت کو قانون سازی کرنا چاہئے ۔