حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) بیٹے کا بیچ بچاؤ کرنے کے دوران حملہ میں زخمی خاتون رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ یہ واقعہ ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 54 سالہ خاتون کے رادھا کی موت ہوگئی جو قاتلانہ حملہ میں زخمی ہوگئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ رادھا کا لڑکا لکشمی ریڈی جس کی عمر 30 سال بتائی گئی ہے پر چند افراد نے حملہ کردیا تھا ۔ لکشمی ریڈی طالب علم بتایا گیا ہے جو فی الحال زخمی ہے ۔ ریڈی کا ایک لڑکی سے معشوقہ چل رہا تھا تاہم پولیس نے اس کی باضابطہ توثیق نہیں کی ۔ لکشمی ریڈی نے مقامی لڑکی سشما ریڈی کو سیل فون پر پیامات روانہ کئے تھے اور اس بات کا علم ہونے کہ بعد لڑکی کے والد اور رشتہ دار اندرا سنہا ریڈی ، لکشما ریڈی ، انیتا ریڈی ، رامچندر ریڈی، اور دیگر لکشمی ریڈی کے مکان پہونچ گئے اور اس پر حملہ کردیا ۔ اپنے بیٹے کو اجنبی افراد کے ہاتھوں زدوکوب ہوتا دیکھ کر رادھا بیچ بچاؤ کیلئے آگئی ۔ جو اس حملہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی ۔ جس کی رات دیر گئے موت ہوگئی ۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔
شرابی شوہر کے ہاتھوں بیوی نذر آتش
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) بیگم پیٹ کے علاقہ میں ایک شرابی شوہر نے اپنی بیوی کو زندہ جلادیا ۔ یہ دلسوز واقعہ رسول پورہ علاقہ میں پیش آیا ۔ انسپکٹر بیگم پیٹ پولیس مسٹر سری ہری کے مطابق 40 سالہ خاتون پدما جو گذشتہ ماہ اپنے شوہر کے حملہ میں زخمی ہوگئی تھی ۔ آج فوت ہوگئی ۔ پدما یادگیری نامی شخص کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی 20 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں ۔ یادگیری ہر روز نشہ کی حالت میں مکان پہونچتا تھا اور بیوی سے جھگڑے کے بعد 19 ڈسمبر کے دن اس نے پدما کے جسم پر کیروسن ڈالکر آگ لگادی ۔ جس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ بیگم پیٹ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔