حمایت نگر میں سرقہ کی سنگین واردات

نیپالی جوڑا نقد رقم کے بشمول 30 لاکھ روپئے کی اشیاء سرقہ کرکے فرار
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) قلب شہر حمایت نگر میں پیش آئے سرقہ کی ایک سنگین واردات میں مالک مکان کے گھر سے نیپالی جوڑا 30 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کر کے فرار ہوگیا۔ یہ واقعہ نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں کل رات اس وقت پیش آیا جب حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 11 کے ساکن گوتم دگار جس کا آٹو موبائیل فینانس کاروبار ہے، اپنے ارکان خاندان کے ساتھ باہر گیا ہوا تھا۔ گوتم نے نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو واچ مین کی حیثیت سے ملازمت پر رکھا تھا اور وہ بھی سرقہ کے بعد اچانک غائب ہوگیا۔ سنگین واردات کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بھکشم ریڈی اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچ گئے اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گوتم کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوکر واچ مین بہادر اور اس کی بیوی نے 26 لاکھ مالیتی طلائی زیورات اور 4 لاکھ نقد رقم کا سرقہ کر کے فرار ہوگئے ۔ پولیس نارائن گوڑہ نے اس معاملہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور سی سی ٹی وی کے ذریعہ سارقین کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔