حماہ ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے وسطی صوبے حماہ میں جمعہ کو دو کش بم دھماکوں میں گیارہ بچوں سمیت اٹھارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔شام کے سرکاری ٹیلی ویڑن اور سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی اطلاع کے مطابق خودکش بمباروں نے دو قصبوں جبرین اور الحمیری میں دھماکے کیے ہیں۔سانا نے دہشت گردوں پر ان بم حملوں کا الزام عاید کیا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ ان دونوں قصبوں میں صدر بشارالاسد کے ہم مذہب علویوں کی اکثریت آباد ہے۔
انھوں نے دونوں بم دھماکوں میں پندرہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔شام میں مارچ 2011ء سے جاری خانہ جنگی کے دوران یہ ہفتہ سب سے ہلاکت آفریں ثابت ہوا ہے اور صرف چار روز میں دو ڈھائی سو افراد بم دھماکوں اور شامی فوج کے فضائِی حملوں میں مارے گئے ہیں۔شمالی شہر حلب میں شامی فوج نے جمعرات کو بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں تینتیس افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے تھے۔