حمالوں کی مزدوری میں اضافہ کا مطالبہ

سرپور ٹاؤن میں احتجاجی دھرنا سے محمد عبدالشکیل کانگریس قائد کا خطاب

سرپور ٹاؤن 21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر میں سیول سپلائی محکمہ میں عارضی مزدوری کرنے والے حمالی قائدین کی جانب سے غیر معینہ ہڑتال کا آغاز کیا گیا۔ اس سیول سپلائی غیر معینہ ہڑتالی کیمپ میں مزدوروں کے علاوہ مقامی سیاسی پارٹی قائدین اور کانگریس پارٹی میں ہڑتال اور دھرنا پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے اظہار یگانگت اور مدد کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی اسٹیٹ سکریٹری اقلیتی محمد عبدالشکیل نے کہاکہ ریاستی حکومت اقتدار حاصل کرنے سے قبل کے لئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور عوامی مسائل اور عارضی ملازمین اور عارضی مزدوروں کو مستقل کرنے میں بھی ناکام ہوگئی ہے اور خاص طور پر گزشتہ کئی سالوں سے محکمہ سیول سپلائی گودام میں مزدوری کرنے والے مزدوروں کے ساتھ ناانصافی کرتی آرہی ہیں۔ اس لئے ریاستی حکومت سے مطالبہ ہے کہ سیول سپلائی گوڈان میں مزدوری کرنے والے عارضی مزدوروں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے فی کنٹل مزید 25/- روپئے اضافہ کا مطالبہ کیا گیا تاکہ مزدوری کرنے والے مزدوروں کے افراد خاندان کے ساتھ انصاف ہو۔ اگر سیول سپلائی گودام میں عارضی مزدوری کرنے والے مزدوروں کے مطالبات اور مسائل کی یکسوئی نہیں کی گئی تو کانگریس پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنے پروگرام کو منعقد کرنے کا ریاستی حکومت کو انتباہ دیا۔ اس موقع پر حمالی یونین قائدین ضلع صدر ایم باپو ڈیلرس راشن یونین صدر پی پرکاش، سنتوش سرینواس، سائی کے علاوہ دوسرے بھی موجود تھے۔