حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد سے سی پی ایم کی دستبرداری ٹی آر ایس امیدوار کی تائید پر اظہارتشکر

ظہیرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد کے ٹی آر ایس امیدوار بی بی پاٹل نے آج یہاں پارٹی الیکشن میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد کے سی پی آئی ایم امیدوار کے راجیا ان کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے سی پی آئی ایم کے پارلیمانی امیدوار اس خصوص میں اظہار ممنونیت کیا اور کہا کہ سی پی آئی ایم کی تائید سے پارٹی امیدوار کو تقویت پہنچے گی۔ انہوں نے پارٹی منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ سچر کمیٹی رپورٹ پر عمل آوری کی جائے گی۔ بیواؤں اور ضعیفوں کے لئے ماہانہ ایک ہزار روپئے جبکہ معذورین کے لئے فی کس 1500 روپئے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ نہوں نے حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد میں شامل تمام حلقہ جات اسمبلی کے پارٹی امیدواروں کی بھی بھاری اکثریت سے کامیابی کی قوی امیدوار ظاہر کی۔ حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد کے سی پی آئی ایم کے امیدوار کے راجیا نے اس موقع پر پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ٹی آر ایس کے پارٹی امیدوار بی پی پال کے حق میں دستبردارہوگئے ہیں اور یقین دلایا کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔ اس موقع پر ساوتھ انڈیا کے ایس ٹی سیل کے صدر شنکر نائیک نے کہاکہ وہ کانگریس پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ہیں۔ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس سید منیرالدین نے حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد کے کانگریس امیدوار و رکن لوک سبھا پر اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی سے غفلت برتنے کا الزام عائد کیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین سی باگنا، مرلی کرشنا گوڑ، جی وجئے کمار، اوما کانت پاٹل، نرسمہواں ریڈی، گاونی شیوکمار، محمد یعقوب، محمد کلیم، محمد لیاقت، ایم شیو کمار اور دوسرے موجود تھے۔