یلاریڈی ۔ 5 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پسماندہ علاقہ یلاریڈی حلقہ میں مواضعاتی عوام کو پینے کے پانی کیلئے مشکلات کم نہیں ہورہی ہیں ۔ پانی کے حصول کیلئے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔ حلقہ میںجملہ 115 مواضعات ہیں اور 100 تانڈے ہیں ۔ حلقہ کی جملہ آبادی 273676 ہے ۔ چھ منڈلوں میں آدھے سے زیادہ مواضعات میں پینے کے پانی کی مشکلات ہیں ۔ یلاریڈی ، لنگم پیٹ ، ناگی ریڈی پیٹ ، تاڑوائی ، گندھاری ، سداشیو نگر ، منڈلوں کے بیشتر مواضعات پر عوام پینے کے پانی کی دشواری کا سامنا کررہے ہیں ۔ان منڈلوں میں 671 سنگل فیس باولیوں سے پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ ہر روز ہر فرد کو 55 لیٹر پانی سربراہ کرنا ہے لیکن زیر زمین آبی ذخائر میں کمی سے صرف 10 تا 20 لیٹر پانی ہی سربراہ کیا جانا مشکل ہورہا ہے جس سے مواضعاتی عوام کو دور دور تک سفر طے کرنا پڑرہا ہے ۔ منڈل یلاریڈی کے الماجی پور ، اورارم ، سومار پیٹ ، ایپلی واڑہ ، ماچاپور ، لکشماپور اور کلیانی مواضعات میں پینے کے پانی کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مواضعات پر نلوں کے ذریعہ کسی گھر کو پانی نہیں مل رہا ہے ۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے 12 گرام پنچایتوں میں 10 مواضعات پر پینے کے پانی کی دشواریاں ہیں ۔ منڈل کے پوچارم ، گول لنگال ، گوپال پیٹ ، ناگی ریڈی پیٹ ، لنگم پلی ، تانڈور ، یلارم ، آتماکور ، مالتمیدہ ، پر پانی کیلئے شدید مشکلات ہیں ۔ منڈل لنگم پیٹ مستقر کے ساتھ پرملا ، نلامڈگو ، میں پینے کے پانی کی مشکلات ہیں ۔ پرملا ، نلامڈگو مواضعات میں کئی دہوں سے پینے کے پانی کی دشواری برقرار ہے ۔ منڈل تاڑوائی کے دیوائی پلی ، چندرپور ، تاڑوائی ، کرڈ پلی نندی واڑہ ، برہمنا پلی مواضعات میں پینے کے پانی کی دشواری ہے ۔ منڈل کے دیوایا پلی میں گزشتہ دو ماہ سے پینے کے پانی کی قلت ہے ۔ پانی کی قلت کے سبب ان مواضعات میں پانی کی ایک بوتل 30 روپئے تا 40 روپئے فروحت کئے جارہے ہیں ۔ روزانہ ہر گھر کو 100 روپئے یومیہ خرچ ہورہا ہے ۔ یلاریڈی ، تاڑوائی ، شاہراہ کے کنارے تقریباً 100 خاندان ہینڈ بورویل سے پانی حاصل کررہے ہیں ۔ صبح سے شام تک بورویل پر قطار لگی رہتی ہے ۔ منڈل گندھاری پر بھی پینے کے پانی کی دشواریاں ہیں ۔ کتہ آبادی ، چدمل ، لونکا تانڈا ، کرنم گڈا ، یورگل ، کاٹے واڑی کو بھی پانی کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ۔ منڈل سداشیونگر کے جنگاؤں ، لنگم پلی ، کناپور ، گوکل تانڈا ، مدوجی علاقوں پر پینے کے پانی کی قلت شدید ہے ۔ ان مواضعات پر ہینڈ بورویلس بھی برابر کام نہیں کررہے ہیں ۔ کچھ مواضعات میں پینے کے پانی کیلئے عوام منرل واٹر لینے پر مجبور ہیں ۔ منرل واٹر والوں کی چاندی ہورہی ہے ۔ موسم گرما ابھی شباب پر نہیں ہے تو یہ حال ہے آنے والے دنوں میں تو مزید پریشانیاں بڑھ سکتیں ہیں ۔ عہدیدار ٹینکروں کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے کی بات کررہے ہیں جاس کا ابھی تک آغاز نہیں کیا گیا ہے اور عوام کی مشکلات برقرار ہیں ۔