یلاریڈی۔2مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی حلقہ اسمبلی کا قیام عمل آکر 52سال کاعرصہ ہوچکاہے لیکن آج تک یلاریڈی منڈل سے انتخابات میں کسی جماعت نے کسی قائد کوفوقیت نہ دی جس سے یلاریڈی حلقہ اسمبلی کہلانے والا منڈل سے کوئی اسمبلی انتخابات میں آج تک کسی جماعت سے امیدوار نہ بن سکا۔ اس حلقہ کے منڈلوں میں یلاریڈی‘ ناگی ریڈی پیٹ ‘ لنگم پیٹ ‘تاڑوائی ‘ گندھاری اور سداشیونگر شامل ہیں ۔ 1952ء سے 1962ء تک یہ حلقہ کاماریڈی ‘ یلاریڈی مشترکہ حلقہ کہلاتا تھا۔ اس وقت ناگی ریڈی پیٹ سے تعلق رکھنے والے مسٹر وینکٹ رام ریڈی نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ اس کے بعد 1962ء میں الگ اسمبلی حلقہ یلاریڈی کا قیام عمل میں لایا گیا اور پہلی بار ٹی ایس سدالکشی نے کانگریس پارٹی سے رکن اسمبلی کیلئے منتخب کی گئیں ۔ 1967ء میں آر پی آئی امیدوار ایشور بائی نے کامیابی حاصل کی‘1972 کے عام انتخابات میں کانگریس سے ایشور بائی منتخب ہوئیں اور 1978ء میں یہ حلقہ جنرل میں تبدیل کیا گیا ۔ ان عام انتخابات میں کانگریس ‘ جنتا پارٹی ‘ سی پی آئی امیدواروں نے حصہ لیا اور کانگریسی امیدوار لنگم پیٹ منڈل کے مسٹر ٹی بالا گوڑ نے جیت حاصل کی تھی۔ 1983ء میں لنگم پیٹ کے کشن ریڈی‘ 1985ء میں ناگی ریڈی پیٹ منڈل کے سرینواس ریڈی نے کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد لگاتار تین مرتبہ 1989ء ‘ 1994 ء ‘ 1999ء میں گندھاری منڈل کے مسٹر انجنیلو نے تلگودیشم سے کامیابی حاصل کی ۔ 2004ء کے عام انتخابات میں منڈل تاڑوائی کے رویندر ریڈی نے کامیابی پائی۔ 2008ء کے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار منڈل ناگی ریڈی پیٹ سے تعلق رکھنے والے جناردھن گوڑ کامیاب ہوئے ۔ 2009ء کے عام انتخاباتمیں رویندر ریڈی نے دوبارہ کامیابی حاصل کی۔ تلنگانہ تحریک کے تحت عہدہ سے مستعفی ہونے سے 2010ء میں پھر ضمنی چناؤ منعقد ہوئے جس میں رویندر ریڈی نے اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح اب تک یلاریڈی منڈل سے کسی قائد کو انتخابات میںحصہ لینے سکا موقع فراہم نہ ہوسکا اور اس مرتبہ 2014ء کے عام انتخابات میں یلاریڈی منڈل سے کوئی امیدوار نہیں ہے ۔ 2014ء کے ان انتخابات میں کانگریسی امیدوار سریندر منڈل لنگم پیٹ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ٹی آر ایس امیدوار رویندر ریڈی منڈل تاڑوائی سے تعلق رکھتے ہیں اور بی جے پی امیدوار بھی منڈل تاڑوائی ‘ لوک ستہ امیدوار سری رام ریڈی بھی منڈل تاڑوائی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار سدھارتا ریڈی منڈل نظام ساگر سے ہیں ۔ یلاریڈی اور سداشیونگر منڈلوں کے قائدین کو آج تک انتخابات کا حصہ بننے کی قسمت نہ رہی ۔ اسمبلی حلقہ یلاریڈی کے نام سے ہے لیکن اس منڈل کے کسی قائد کے مقدر میں اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے کا موقع نصیب نہ ہوسکا ۔ اس مرتبہ بھی منڈل لنگم پیٹ یا منڈل تاڑوائی کے امیدوار کا حلقہ اسمبلی یلاریڈی پر قبضہ ہوگا ۔ یلاریڈی منڈل سے نمائندگی کرنے کسی قائد کوموقع نہ دیئے جانے پر منڈل کی عوام کسی حد تک مایوس ضرور ہے ۔