اندرا کرن ریڈی اور الیٹی مہیشور ریڈی کی گھر گھر مہم
نرمل۔/30 اکٹوبر، ( جلیل ازہر ) حلقہ اسمبلی نرمل میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے امیدواروں نے بڑے پیمانے پر انتخابی مہم شروع کردی ہے جبکہ دونوں جماعتوں میں مختلف پارٹیوں سے نکل کر کوئی کانگریس میں شمولیت اختیار کررہا ہے تو کوئی ٹی آر ایس میں شامل ہورہا ہے۔ تاہم ٹی آر ایس امیدوار اے اندرا کرن ریڈی نے تین دن سے بلدی حدود میں گھر گھر اندرا کرن ریڈی پدیاترا شروع کرتے ہوئے مختلف وارڈز میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی فلاحی اسکیمات اور پارٹی کی کارکردگی سے واقف کرواتے ہوئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ دوسری طرف الیٹی مہیشور ریڈی حلقہ اسمبلی نرمل کے طاقتور امیدوار کی حیثیت سے نرمل کے سیاسی نقشہ پر پھر ایک بار اُبھر کر آئے ہیں۔ مختلف علاقوں سے ریالیوں اور دیہی علاقوں سے عوام کو کانگریس میں شامل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر انتخابی مہم کو آگے بڑھا دیا ہے۔ الیٹی مہیشور ریڈی کا کہنا ہے کہ ٹی آر ایس نے ہر انتخابی وعدہ سے انحراف کیا ہے جس پارٹی کو عوام نے پانچ برس کے لئے منتخب کیا تھا اس نے من مانی کرتے ہوئے نو ماہ قبل ریاستی عوام پر انتخابات کا بوجھ ڈال دیا ویسے عوام کی ٹی آر ایس سے بیزارگی ریاست کے ہر علاقہ میں ٹی آر ایس کے امیدواروں پر غم و غصہ کے ذریعہ جو اظہار کیا جارہا ہے ان حالات سے یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ عوام کانگریس کو اقتدار سونپنے کیلئے بے چین ہیں۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی نرمل سے ٹی آر ایس سے اے اندرا کرن ریڈی اور کانگریس سے الیٹی مہیشور ریڈی کے ناموں کا اعلان ہوچکا ہے تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی سے بھی اے سورنا ریڈی نرمل کی معروف ڈاکٹر متوقع امیدوار ہیں۔ تاہم نرمل میں انتخابی ماحول ابھی سے بہت تیز ہوچکا ہے۔