حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کانگریسی امیدوار

گیتا ریڈی کے مقابلہ ٹی آر ایس پارٹی کو مضبوط امیدوار کی تلاش
نیالکل۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے پہلے مرحلہ میں 35 کانگریس امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ جس میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے سابق ریاستی وزیر و سابق رکن اسمبلی ظہیرآباد ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے نام کا اعلان کیا گیا جس کے ساتھ ہی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد نیالکل کے کانگریس قائدین میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے مسلسل دو میعاد بحیثیت رکن اسمبلی کامیابی حاصل کی اور متحدہ ریاست آندھرا پردیش کابینہ میں وزیر بھاری مصنوعات رہیں۔ 2014 کے عام انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کی ریاست تلنگانہ میں لہر کے باوجود حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے کامیابی حاصل کی ۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی مسلسل تیسری مرتبہ ظہیرآباد سے کانگریس امیدوار مقابلہ کریں گی۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کانگریس پارٹی کا مضبوط قلعہ مانا جاتا ہے۔ سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے مقابلہ ٹی آر ایس پارٹی میں مضبوط امیدوار کی تلاش جاری ہے جس کے تحت مذکورہ امیدوار کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ کانگریس امیدوار ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے تقابل کیلئے ٹی آر ایس پارٹی کے پاس مضبوط امیدوار موجود نہیں ہے جس سے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی سیاسی اور عوامی تجسس پایا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے عوام کو اپنی سمت راغب کررہے ہیں۔ 2018 کے انتخابات 2014 سے زیادہ دلچسپ ہونے کے امکانات ہیں۔ کانگریس اور ٹی آر ایس کے دور اقتدار میں کئے گئے عوامی فلاح و بہبود اقدامات کی بناء پر ہی امیدوار کو کامیابی حاصل ہوگی۔